لکھنؤ،22مارچ (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) بی ایس پی نے آئندہ لوک سبھا انتخابات کے لئے 11 امیدواروں کی پہلی فہرست جمعہ کو جاری کی۔جد۔ ایس چھوڑ کر بی ایس پی میں آئے دانش علی کو امروہہ سے امیدوار بنایا گیا ہے۔علی جنتا دل۔سیکولر میں سیکرٹری جنرل تھے۔وہ گزشتہ ہفتے ہی بی ایس پی میں شامل ہوئے ہیں۔پارٹی کی ریلیز میں بتایا گیا کہ بی ایس پی نے حاجی فضل الرحمن کو سہارنپورسیٹ سے، ملوک ناگر کو بجنور سیٹ سے اور گریش چندر کو نگینہ سیٹ سے امیدوار قرار دیا ہے۔حاجی محمد یعقوب کو میرٹھ سے، ستبیر ناگر کو گوتم بدھ نگر سے، یوگیش ورما کو بلند شہر سے، اجیت بالیاں کو علی گڑھ سے، منوج کمار سونی کو آگرہ سے، راجویر سنگھ کو فتح پور سیکری اورروچی ویرا کو آنولا لوک سبھا سیٹ سے امیدوار بنایا گیا ہے۔دہلی کے جامعہ ملیہ اسلامیہ یونیورسٹی کے طالب علم رہے علی 1994 میں سیاست میں آئے تھے۔وہ جنتا دل کے طلبہ یونین کے قومی صدر بنائے گئے تھے۔علی نے کہا کہ ان پر جے ڈی ایس سربراہ ایچ ڈی دیوگوڈا کا ہاتھ ہے اور وہ بی ایس پی میں اس لئے شامل ہو رہے ہیں کیونکہ دونوں ہی پارٹیاں بھیم راؤ امبیڈکر کے اصولوں کی پیروی کرتی ہیں۔